ذیابیطس کے بارے میں حقائق
ذیابیطس ہمارے زمانے کی سب سے عام بیماریوں میں سے ایک ہے۔ ناروے میں ذیابیطس کے تقریبا 250 000 مریض ہیں لیکن خیال ہے کہ اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ذیابیطس میں مبتلا بہت سے لوگوں کو اس کا علم نہیں ہوتا۔
ذیابیطس کی وجوہ میں سے ایک وجہ مغربی دنیا کا انداز زندگی ہے – ہم ضرورت سے زیادہ کھاتے ہیں اور ضرورت سے کم ورزش کرتے ہیں۔ ٹائپ 2 ذیابیطس کو بعض اوقات "بڑھاپے کی ذیابیطس" کہا جاتا ہے لیکن چونکہ اب پہلے سے کم عمر کے لوگ اس میں مبتلا ہو رہے ہیں اور یہ عمر کم ہوتی جا رہی ہے، اسے بڑھاپے کا مرض کہنا درست نہیں۔
جب کسی کو ذیابیطس کی تشخیص ہوتی ہے تو وہ صدمہ اور پریشانی محسوس کرتا ہے لیکن یہ ذہن میں رکھنا چاہیئے کہ ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی زندگی پر خود اثر انداز ہونے کیلئے آپ بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ علم حاصل کر کے آپ اپنی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور اسے بدل سکتے ہیں۔ یہاں آپ ذیابیطس کے بارے میں علم اور یہ مشورے اور حوصلہ حاصل کر سکتے ہیں کہ آپ اپنی زندگی پر کس طرح اثر ڈال کر ذیابیطس کے باوجود پہلے کی طرح ہی اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔ اس معاملے میں آپ کئ لوگوں سے مدد مل سکتی ہے جیسے میڈیکل سنٹر میں آپ کا مستقل ڈاکٹر۔
